لندن (نیٹ نیوز) برطانوی اخبار دی گارڈین نے مودی حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر کہا ہے کہ اس دوران صرف انسانی زندگیوں اور ملکی آئین کو تباہ ہوتے دیکھا گیا ہے ۔اخبار نے اپنے اداریے میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم دانستہ طور پر وسیع پیمانے پر اقلیتوں کے حقوق کی پامالی اور شہری آزادیوں کو سلب کر رہے ہیں۔مودی حکومت کے سو دن مکمل ہو چکے ہیں اور انہوں نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے حقوق کی قیمت پر ہندو اکثریتی طبقے کی حمایت حاصل کی ہے ۔ انہوں نے ملک میں خوف کی فضا طاری کر کے لوگوں کو یہ یقین دلایا کہ صرف وہی ہیں جو پاکستان سے ملک کا دفاع کر سکتے ہیں۔بھارت کے ایک نسلی جمہوریت بننے کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ رواں برس آسام میں 20 لاکھ افراد کی شہریت ختم کر دی گئی جن میں سے بیشتر مسلمان ہیں۔مودی کے قریبی ساتھی انہیں درانداز قرار دیتے ہوئے خلیج بنگال میں پھینکنے کی باتیں کرتے رہے ہیں۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ بی جے پی کا دیرینہ خواب رہا ہے ۔ کشمیر کو ایک کھلی جیل بنا دیا گیا ہے اورکشمیریوں کا دنیا سے رابطہ کٹ چکا ہے ۔مودی نے ایسا کر کے تاریخی غلطی کی،اسکے نتیجے میں انتہاپسندی بڑھے گی۔مودی نے دانستہ طور پر لبرل اداروں کو کمزور کیا، اب وہ پولیس اور محکمہ ٹیکس کو اپنے مخالفین کیخلاف استعمال کر رہے ہیں، انکے ہوتے قانون کی حکمرانی، معاشرتی آزادیاں اور انسانی حقوق پامال ہوتے رہیں گے ۔