اسلام آباد(این این آئی)کشمیر کمیٹی کے چیئر مین سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نے برصغیرمیں ایسا اقدام اٹھایا ہے جس کو جواب سوچ سمجھ کردیا جائے گا،اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔مزرا گولڑہ شریف پر ختم نبوت اور 119 ویں فتح مبین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید غلام معین الحق گیلانی کررہے تھے ۔چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخرامام نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قائداعظم نے کشمیر کو شہ رگ کہا تھا اور یہ آج بھی شہ رگ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے ۔دوجنگوں کے باوجود کشمیرکا فیصلہ نہیں ہوسکا۔انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی کے خط پر 72 گھنٹے میں سلامتی کونسل کااجلاس طلب ہوا ۔ اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، ان کی سفارتی ، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔