وٹر وے پر ویگن میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 6افراد جاں بحق اور 10زخمی ہو گئے۔ شیخو پورہ سے تعلق رکھنے والے بدقسمت خاندان کے افراد شور کوٹ فوتگی پر جا رہے تھے۔ ویگن کا ریڈی ایٹر گرم ہو کر لیک ہو گیا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی اورویگن موٹر وے کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ یہ موٹر وے پر پہلا المناک حادثہ نہیں قبل ازیں بھی بہت سی قیمتی جانیں ایسے ہی خوفناک حادثات کی نذر ہو چکی ہیں لیکن آج تک حفاظتی اقدامات کئے گئے اور نہ ہی مسافر گاڑیوں کی چیکنگ کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کی طرف سے اپنی ذمہ داریاں پوری کی گئی ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ گرمیوں کی شدت سے گاڑیوں کے حادثات اور گاڑیوں میں آگ لگنے سے واقعات بڑھ جاتے ہیں موٹر وے پر آنے والی بہت سی مسافر گاڑیوں میں گیس سلنڈر بھی نصب ہوتے ہیں جو گرمی کے موسم میں زیادہ حادثات کا باعث بن سکتے ہیں ۔لہٰذا موٹر وے پر آنے والی تمام گاڑیوں کی چیکنگ کے ساتھ ساتھ ان کے مینٹیننس سرٹیفکیٹ کے علاوہ گیس سلنڈروں کی کارکردگی کی مدت اور دیگر تمام متعلقہ کاغذات سختی سے چیک کئے جانے چاہئیں۔ اگر گاڑی چیکنگ کے بعد مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترے تو اسے کسی صورت بھی موٹر وے پر آنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے ‘تاہم گاڑیوں سے متعلق تمام قانونی قواعد کا اطلاق تمام سڑکوںپر تمام گاڑیوں کے لئے یکساں نافذ کیا جانا چاہیے تاکہ حادثات کی ہر سطح پر روک تھام کو ممکن بنایا جا سکے۔