لاہور، پشاور، مردان ، ملتان ( اپنے سٹاف رپورٹر سے ، اپنے رپورٹر سے ، نیوز رپورٹر، جنرل رپورٹر، نمائندگان 92 نیوز) لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں ، خیبر پی کے ، شمالی بلوجستان، کشمیر اور اسلام آباد میں موسلادھا ر بارش نے تباہی مچادی، خیبرپختونخوا میں بارشوں کے دوران 5 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے ، پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے ) نے گذشتہ روز ہونے والے بارش میں خیبر پختونخوا کے نقصانات کی تفصیلات جاری کر دیں، صوبے بھر میں مجموعی طور پر تین مکانات کو نقصان پہنچا ، خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں برفباری اور بارشوں کا بدھ سے شروع ہونے والا سلسلہ اتوار تک جاری رہے گا، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ۔ مردان کی تحصیل تخت بھائی کے علاقہ سرور آباد جلالہ میں غریب ڈرائیور دوست محمد کے مکان کی بو سیدہ چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ سندھ میں نواب شاہ کے نواحی گاوں امالدین بروہی 40 نصرت میں بارش سے محمد رمضان بروہی کے مکان کی دیوار گرنے سے گھر کے باہر کھیلنے والا رمضان بروہی کا 10سالہ لڑکا بالاج بروہی دب کر موقع پر جاں بحق ہوگیا ، جنوبی پنجاب میں بھی بارشیں جاری ہیں ، جتوئی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 طالبعلم جاں بحق، 4 زخمی ہوگئے ، کئی علاقوں میں فصلیں متاثر ہوگئیں، مالم جبہ اور پٹن میں برف باری بھی ہوئی، خیبر پی میں دیر بالائی میں 81، مالم جبہ 61، سیدو شریف 35، کشمیر میں راولا کوٹ میں 38، پنجاب میں ساہیوال میں 36، اوکاڑہ 32، ملتان 13، خانیوال اور رحیم یار خان 11، منڈی بہاؤ الدین 9، فیصل آباد 8، لاہور سٹی 5، گوجرانوالہ 4، قصور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں بھی بارش کا امکان ہے ۔مختلف شہروں میں بارش سے جاتی سردی پھر لوٹ آئی۔ لاہور میں بارش کے باعث بیشتر علاقے زیر آب گئے ، شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، صوبائی وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے واسا حکام اور سٹاف کو بارشی پانی کی فوری نکاسی کے اقدامات کی ہدایت کردی، انہوں نے کہا شہر بھر میں بارش کے پانی کی نکاسی کی صورتحال کو مانیٹر کررہا ہوں ۔