سردیوں میں حلوے اور میوے کھا نے کی اشتہا بڑھتی ہے تو وزن بڑھنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے

رواں موسم سرما کے دوران اپنی فٹنس پر توجہ مرکوز رکھیں تاکہ آ پ کی صحت اچھی رہے۔ اس کیلئے ورزش سے بہتر طریقہ اور بھلا کیا ہوسکتا ہے؟ لہٰذا ورزش کو اپنے روزانہ کے معمول میں شامل رکھیں تاکہ آ پ کا اسٹیمنا‘ جسمانی لچک وقوت مدافعت اور قوت برداشت نہ صرف برقرار رہے بلکہ اس میں اضافہ ہوتا رہے۔ مزید یہ کہ ورزش کی بدولت آ پ کیلوریز بھی گھٹا سکیں گی اس کے لئے ضروری نہیں کہ آپ جم جائیں ‘ آپ گھر پر بھی ایکسرسائز کرسکتی ہیں۔ ان سطور میں آ پ کیلئے چند آ سان ورزشوں کے طریقے پیش کیے جارہے ہیں جنہیں آ پ کسی مشین وغیرہ کے بغیر گھر پر ہی انجام دے سکتی ہیں۔سب سے پہلے آ پ کیلئے یہ جاننا اہم ہے کہ اگر ہفتے میں چار سے پانچ روز‘ ورزش کی خاطر آ دھا گھنٹہ بھی نکال لیں تو اس کی بدولت آ پ ایک صحت مند اور پرکشش شخصیت میں تبدیل ہوسکتی ہیں۔

ورزش کی ابتدا ہمیشہ ہلکے پھلکے وارم اپ ورزش سے کریں۔ تاکہ آ پ کے جسم کی لچک میں اضافہ ہو اور آ پ کسی بھی موچ یا چوٹ وغیرہ سے بچی رہیں۔ یہی نہیں بلکہ وارم اپ ورزش کی بدولت آ پ کے دوران خون میں اضافہ ہوتا ہے‘ جوڑ‘ پٹھے کھل جاتے ہیں اور ریڑھ کی ہڈی کے علاوہ گھٹنوں کی حرکات میں بہتری آ تی ہے۔ورزش کی ابتدا اسپاٹ جوگنگ یعنی ایک ہی جگہ کھڑے رہتے ہوئے جوگنگ کے انداز میں حرکت سے کریں۔ اس کے علاوہ ہلکی پھلکی جمپنگ کریں‘ دائیں بائیں جھکیں‘ آ گے جھک کر پیروں کے انگوٹھے چھوئیں‘ کمر کے بل پیچھے کی جانب جھکیں اور گردن کو دائیں بائیں حرکت دیں۔ مزید یہ کہ اگر گھر کے قریب کوئی لیڈیز پارک ہے تو اس میں چہل قدمی کرنا‘ دوڑنا‘ سائیکل چلانا اور سیڑھیاں چڑھنا اترنا بھی بہترین وارم اپ ورزشیں ہیں۔

کک مارنا‘ اکڑوں بیٹھنا اور اٹھنا اور گھوڑا دوڑانے کی پوزیشن اختیار کرنا۔۔۔ نچلے دھڑ اور ٹانگوں کی خوبصورتی اور مضبوطی کیلئے اچھی ورزشیں ہیں۔ورزش کی ابتدا کے طور پر تمام اسٹریچنگ ورزشیں بھی خوب رہتی ہیں۔ اسٹریچنگ ایکسرسائز میں وہ ورزشیں شامل ہیں جن سے جسم میں کھنچائواور لچک پیدا ہوتی ہے۔ ان ورزشوں میں بازوئو ں کو دونوں اطراف میں پھیلا کر کمر کو دائیں بائیں حرکت دینا‘ بازوئوں کو سر کے اوپر لے جانا اور ٹوئسٹ کرنا وغیرہ شامل ہے۔ اس کے علاوہ وہ تمام ورزشیں جو آ پ نے اپنے سکول کے پی ٹی پیریڈ اور سکول اسمبلی میں سیکھی ہوں انہیں ذہن میں تازہ کریں۔ کیونکہ وہ سب بھی بہترین وارم اپ اسٹریچنگ ورزشیں ہیں۔