لاہور(پ ر) رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید، سرکل رجسٹرار ناصر محمود، اسسٹنٹ رجسٹرار محمد سرفراز خان، اسسٹنٹ رجسٹرار ٹیکسلا /ایڈمنسٹریٹر راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی معظم علی بٹ اور اسسٹنٹ رجسٹرار مری سحر فاطمہ نے گزشتہ روز راولپنڈی میں مختلف سوسائٹیز کا دورہ کیا۔ راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے دورہ کے موقع پر رجسٹرار کوآپریٹو پنجاب ڈاکٹر کرن خورشید نے شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا بھی لگایا اور اپنے خطاب میں کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں درخت لگانے چاہئیں۔ کلین اینڈ گرین پاکستان ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے انتہائی ضروری ہے ، انہوں نے کہا کہ تمام سوسائٹیز میں شجر کاری مہم چلائی جائے تاکہ ملک کی بہتری میں ہم بھی اپنا حصہ ڈال سکیں، دیگر مقررین نے بھی اس موقع پر کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاری ہے ۔