اسلام آباد (لیڈی رپورٹر، سپیشل رپورٹر) وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ڈیزاسٹر فری بنانے کے لئے لانگ ٹرم پالیسیاں بنا رہے ہیں، موسمیاتی تبدیلی ایک غیر روایتی خطرہ ہے ، حالیہ شدید بارشوں اور برفباری پر لاہور ،کراچی ،بلوچستان اور آزاد کشمیر میںموسمی ایمرجنسی‘‘ لگائی جائے ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں اور برفباری سے دو دنوں میں 67افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ۔وہ بدھ کو این ایچ اے ہیڈکوارٹر میں نیشنل بینک آف پاکستان کے ساتھ قومی شاہراہوں پر زیتون کے پودے لگانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ وزیر مملکت زرتاج گل نے کہا کہ یہ بہت بڑی کامیابی ہے کہ ہمارے مالیاتی ادارے بھی گرین اینڈ کلین پاکستان پروگرام کا حصہ بن رہے ہیں،اس وقت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج کا سامنا ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا کہ ہم نے ملک میں درخت لگانے ہیں ،درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے ۔اب پاکستان 10ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے اس کے لئے ہر شعبے کو حصہ ڈالنا پڑے گا۔وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا کہ ہم نے پہلے سال قرضوں کے 16 سو ارب واپس کیے ، 2020 پاکستان کی ترقی خوشحالی، اداروں کی مضبوطی، نوجوانوں کے روزگار کا سال ہے ،2020 پاکستان مین ترقی اور کارخانے لگنے کا سال ہے ، 2020 میں خوشحالی دیکھیں گے ،زیتون کے پودے موٹرویز اور ہائی ویز کے اطراف لگائے جائیں گے ۔