لاہور(خصوصی نمائندہ)گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ جے یوآئی (ف) سے مذاکرات کسی دباؤمیں نہیں بلکہ ملکی مفاد میں کر رہے ہیں،سیاست میں بھی پہلے ناں پھر ہی ہاں ہوتی ہے ، انشاء اﷲ مولانا فضل الر حمٰن بھی مذاکرات کیلئے مان جائیں گے ، حکومت کی تر جیح مسئلہ کشمیرا ور ملکی معیشت ہے اگر پاکستان میں اس وقت احتجاج اور دھر نے ہوں گے تو کشمیر کاز اور ملکی مفاد کو بھی نقصان ہوگا،اپوزیشن کو سمجھنا چاہیے کہ ملک کسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔وہ گور نر ہاؤس میں محکمہ سوشل ویلفیئربیت المال پنجاب کے زیر اہتمام ڈینگی آگاہی واک کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔گور نر پنجاب نے مولانا فضل الر حمٰن سے مذاکرات کے متعلق سوالات کے جواب میں کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا ہوتا ہے اگر حکومت مذاکرات نہ کر ے تو لوگ کہتے ہیں حکومت سولو فلائٹ کرتی ہے ،جہاں تک مولانا فضل الر حمٰن کی تقر یر میڈیا پر نہ دکھانے کا تعلق ہے تو حکومت نے ایسی کوئی پابندی نہیں لگائی، پیمرا پاکستان کا آزاد اور خود مختار ادارہ ہے اگر وہ کسی پر کوئی پابندی لگاتا ہے تو حکومت کا ا س سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔