گوجرانوالہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیٹ نیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے مولانا صاحب دھرنا بہت جلدی اور وقت سے پہلے دے رہے ہیں، حکومت کو تھوڑا وقت دینا چاہئے ۔ گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا سیاست میں آنے کے سوال پر نہ کردوں تو بعد میں آگیا تو کیا کروں گا، سیاستدان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے ، کبھی دل کرتا ہے سیاست میں آنا چاہئے ، جب ماحول دیکھتا ہوں تو کہتا ہوں ابھی نہیں ، اپوزیشن کو عمران خان کو سپورٹ کرنا پڑے گا، عمران بھائی یا ان کی جگہ کوئی بھی وزیراعظم ہو ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔انہوں نے کہاقومی ٹیم کی حالت 70 سال سے ایسی ہی ہے ، کبھی تسلسل نہیں رہا، نیا ٹیلنٹ سامنے آتا پھر غائب ہوجاتا ہے ، بہتری لانے کیلئے سخت فیصلے کرنا ہوں گے ،مصباح الحق کے پاس تین عہدے ہیں، ان پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ سری لنکنز نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی، شکست فکر کی بات ہے ، عبدالرزاق کے بعدکوئی ہارڈ ہٹر نہیں آیا، اسی لئے کہا تھا ہمارے پاس ٹیلنٹ نہیں لیکن میری بات کو غلط لیا گیا،کرکٹ اکیڈمی بنانا چاہتا تھا لیکن سندھ حکومت کی طرف سے مثبت تعاون نہیں ملا۔ شاہد آفریدی نے کہااگر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں ہر بچے کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ہوگا۔آفریدی فاؤنڈیشن نے پاکستان کے نادار بچوں کو نہ صرف تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہے بلکہ ایسے علاقے جہاں صاف پانی اور صحت کی سہولتیں میسر نہیں ان علاقوں تک یہ تمام سہولیات پہنچانے کیلئے کوشاں ہے ،تمام مخیر حضرات آفریدی فاؤنڈیشن کا حصہ بنیں۔اس موقع پر صدر چیمبر میاں عمر سلیم ،سینئر نائب صدرعرفان سہیل ،نائب صدر محمد اصغربٹ ،اراکین مجلس عاملہ سابق صدور کے علاوہ بزنس کمیونٹی کی کثیر تعدا د موجود تھی۔