کوئٹہ(صباح نیوز،این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر(ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر قانون کے مطابق کام ہورہا ہے ،جرائم و دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے ۔ نواز شریف سے ڈیل کی افواہیں غلط ہیں۔ مولانا فضل الرحمٰن احتجاج کرنے اسلام آباد آرہے ہیں توآئیں تاہم انہوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو گرفتار کرینگے البتہ مجھے پورایقین ہے کہ مولانادھرنانہیں دیں گے ۔گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ نے کوئٹہ میں امن وامان پر اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سمگلنگ سے ملکی معیشت کو سالانہ20 ارب ڈالر کا نقصان ہورہا ہے ،سکیورٹی ادارے اس بارے میں موثر اقدامات اٹھائیں ۔ اپنے وسائل کو دیکھ کر پاک افغان چمن بارڈر بھی کھولنے کا سوچ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ناراضگی کی کوئی بات نہیں، بھارت یہاں دہشتگردی کرتا ہے اور کرتا رہے گا۔بعدازاں میڈیاسے گفتگو میں وزیرداخلہ نے کہا کہ خورشید شاہ کی گرفتاری سے کچھ نہیں ہوگا ۔ نیب اپنا کام آزادانہ کررہا ہے جس کسی نے بھی ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا، اسے حساب دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا کیس نیب میں ہے اس بارے میں نیب کو پتہ ہے کہ کیا کرنا ہے ، حکومت کا اس سلسلے میں کوئی کام نہیں۔ دریں اثنا وزیر داخلہ نے فرنٹیئر کور بلوچستان کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ،یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اوروفاق کی جانب سے بم ڈسپوزل کے جدید آلات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کئے ۔