لاہور(خصوصی نمائندہ،اپنے سٹاف رپورٹر سے ) صوبائی وزیر اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو قوم کا نہیں اقتدار کا درد ہے ، انہیں آج کشمیر کمیٹی میں بٹھا دیا جائے تو ساری پریشانی دور ہو جائے گی۔پنجاب کے وزیر اطلاعات میاں اسلم اقبال نے پی پی 151میں کھلی کچہری لگائی حلقے کے لوگوں کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو آج آزادی مارچ یاد آ رہا ہے وہ ضرور کریں، اسلام کے نام پر آزاد ی مارچ کے لئے پیسا اکٹھا کیا جا رہا ہے ، مولانا نے ہمیشہ اسلام کے نام پر پیسا اکٹھا کر کے اپنی ذات پہ خرچ کیا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں عوام سے تعاون کی اپیل ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ ڈینگی کی وبا پورے پاکستان میں پھیلی ہے ۔علاوہ ازیں ڈی سی آفس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں ڈینگی کی صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے اور لاہور کی انتظامیہ نے ان ڈور، آؤٹ ڈور سرویلنس کو بہتر انداز میں چلایا ہے ۔لاہور کے ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے 667بیڈز مختص اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ فری ہیں۔