لاہور(اپنے رپورٹر سے )محکمہ بلدیات پنجاب نے صوبہ میں مویشی منڈیاں قائم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں جبکہ منڈیوں میں کورونا وائرس کیساتھ ساتھ کانگو بخار سے بچاؤ کے انتظامات بھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ اس حوالے سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، بلدیاتی اداروں اور کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنیز کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے ۔ مراسلہ میں کہا گیا کہ مویشی منڈیاں شہر سے 2 سے 5 کلو میٹر دور قائم کی جائیں،منڈی ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ مقام پر ہی لگائی جائے ،منڈیوں میں محکمہ صحت کے کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ، منڈیوں میں کورونا کے ساتھ ساتھ کانگو بخار سے بچاؤ کے انتظامات کیے جائیں،تمام منڈیاں عید سے 15 روز قبل فعال کر دی جائیں، منڈیوں میں سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔ادھر اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے کارروائی کرتے ہوئے 3 غیر قانونی طور پر قائم بکرا سیل پوائنٹس کو سیل کر دیااور بکروں کو قبضے میں لیکر مالک کو گرفتارکرا دیا ۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا کہ شہر میں کسی بھی جگہ پر قربانی کے جانور فروخت نہ ہونے دئیے جائیں۔