محکمہ بلدیات پنجاب نے صوبہ بھر میں مویشی منڈیاں قائم کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں جبکہ منڈیوں میں کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ کانگو بخار سے بچائو کے انتظامات بھی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے عیدالاضحی کے قریب آنے پر حکومت نے مویشی منڈیوں کا انتظامات کیا ہے یہ اس لیے بھی ضروری تھا کہ سال بھر کسان جانور پال کر عید قربان پر فروخت کر کے اپنے گھریلو اخراجات چلاتے ہیں۔ خدانخواستہ اگر مویشی منڈیوں کا انتظام نہ کیا جاتا تو پھر نہ صرف لوگوں کو قربانی کے جانور خریدنے میں مشکل پیش آتی بلکہ غریب کسانوں کے گھروں میں بھی فاقے پڑھ جاتے۔ حکومت مویشی منڈیوں کو فعال کرنے کیساتھ ساتھ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ کورونا کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ مویشی منڈیوں میں جانور فروخت کرنے کیلئے آنیوالے لوگوں کا تعلق دیہی علاقوں سے ہوتا ہے جو حفاظتی انتظامات کے بارے زیادہ نہیں جانتے اس لئے انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ایسے افراد کو حفاظتی انتظامات کے بارے آگاہ کیا جائے تاکہ وہ بیماری لے کر اپنے گھروں کو مت لوٹیں۔ مویشی منڈیوں کی داخلی جگہوں پر باقاعدہ ڈاکٹرز کا عملہ موجود ہو جو ہر آنیوالے شخص کا بخار وغیرہ چیک کر کے اسے منڈی میں داخلے کی اجازت دے۔ کانگو بخار سے بچائو کے بھی انتظامات کئے جائیں تاکہ ہم نئی آفت سے بچ سکیں۔