لاہور،اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز) ملک بھر میں آٹے کا بحران شدید ہو گیا، چکی پر قیمت میں مزید 6 روپے فی کلو اضافہ ہوگیا، پنجاب اور کراچی میں قیمت 70 روپے کلو تک پہنچ گئی ،لاہور ضلعی انتظامیہ کے چکی مالکان سے مذاکرات ناکام ،وزیراعظم نے نوٹس لے لیا۔ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا، آٹے کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا،کراچی، لاہور، فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان و دیگر شہروں میں فی کلو آٹا 20 روپے تک مہنگا کر دیا گیا، 3 ماہ کے دوران فی کلو آٹا 20 روپے مہنگا ہوچکا ،رواں سال کے شروع میں 1800 روپے من میں فروخت ہونے والا آٹا اب 2800 روپے من ملا کرے گا۔دیر بالا میں سرکاری آٹا نہ ملنے کیخلاف شہریوں کا صبر جواب دے دیا،سینکڑوں افراد نے دیر چترال مین شاہراہ بند کردی۔ پنجاب میں چکی مالکان نے آٹے کی قیمت میں مزید چھ روپے فی کلواضافہ کردیا جس کے بعد قیمت 64روپے سے بڑھ کر70روپے فی کلو ہوگئی ہے ۔ چکی مالکان نے نئی قیمتیں کی فہرست جاری کردی جس کا اطلاق جمعہ سے کیا گیا۔ اس حوالے سے چکی اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے چکی مالکان کو کوئی ریلیف نہیں دیا۔ حکومت اگر فلور ملز کی طرح سبسڈی دے گی تو قیمت کم کردیں گے ۔نان بائی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت کنٹرول نہ کی گئی تو قیمتیں بڑھا دیں گے ۔نان بائی ایسو سی ایشن کا گزشتہ روز ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں نان روٹی کی قیمتوں میں اضافے پر مشاورت کی گئی۔ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے پانچ دن میں آٹے کی قیمت کنٹرول نہیں کی تو ہم روٹی 10 روپے اور نان 15 روپے کا کر دیں گے ۔مزید برآں ضلعی انتظامیہ کے آٹا چکی مالکان سے مذاکرات ہوئے ہیں، جو ناکام رہے ہیں ۔آٹا چکی مالکان نے پرانے نرخ پر آٹا فروخت نہ کر نے کی صورت میں کارروائی پر ہڑتال کی د ھمکی دی ہے ۔ مذاکرات میں طے پایا کہ آٹا چکی مالکان کو معیاری سستی گندم فراہم کرنے کیلئے روزانہ کی کھلے چکی آٹا کی سیل کی بنیاد پر ورکنگ کی جائے گی۔ چکی مالکان ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آئندہ کے لائحہ عمل تک کھلا چکی آٹا 70 روپے فی کلو ہی رہے گا۔ دریں اثناوزیراعظم نے آٹے کی قیمت میں اضافے کانوٹس لے لیا،ذرائع کے مطابق جہانگیرترین اورخسروبختیارکوقیمتوں میں کمی کاٹاسک سونپ دیاگیا،عمران خان نے پنجاب اورکے پی کے وزرائے اعلی سے بھی مشاورت کی ہدایات کردیں،وفاق نے پاسکوکے کوٹے سے کے پی کے کوایک لاکھ ٹن گندم فراہم کرنے کافیصلہ کرلیا،حکومت رواں سال 3لاکھ ٹن گندم درآمدبھی کرے گی۔دوسری طرف پنجاب میں آٹے کا بحران شدت اختیار کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخار نے قرارداد جمع کروا دی ہے ۔ادھر کراچی میں بھی آٹے کا مصنوعی بحران پیدا ہو گیا، قیمت 65 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔پشاورمیں بھی آٹے کابحران شدت اختیارکرگیا،روٹی کی قیمت کے تعین کیلئے وزیرخوراک اورنانبائی ایسوسی ایشن کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے ،نانبائیوں نے روٹی کی قیمت بڑھانے کافیصلہ کرلیا،حکومت پردبائوڈالنے کیلئے پیرکے روزسے ہڑتال کااعلان بھی کردیا۔انہوں نے آٹے کی قیمت کم کرنایاروٹی کی قیمت بڑھانے کامطالبہ کیا۔واضح رہے کہ ایک سال میں آٹے کی قیمت میں چوتھی مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے ۔