لاہور،اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے ، وقائع نگار) محکمہ موسمیات نے چاروں صوبوں میں گزشتہ شب سے آئندہ چھ روز تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے ، اس سلسلے میں صوبائی محکمہ جات،این ایچ اے ،ایف ڈبلیو او،دیگراداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا ، جس کے باعث ملک بھر میں منگل2جون تک طوفانی بارشوں کے ساتھ گردآلود ہواؤں کا امکان ہے جبکہ موسم ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ چھ روز کے دوران منگل 2 جون تک اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور،اٹک جہلم،چکوال،میانوالی سمیت کئی شہروں میں آندھی کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان،ملتان،رحیم یارخان اور بہاولپورمیں بھی بارش ہوگی۔ آزادکشمیرخیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بھی بارش متوقع ہے جبکہ سکھر،لاڑکانہ،جیکب آباد، شہید بینظیرآباد،میرپورخاص،بدین اور حیدرآباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل رنگ جمائیں گے ۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد اکیاون، جیکب آباد، موہنجوداڑو، دادو، لاڑکانہ میں پچاس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس سلسلے میں تمام صوبائی محکمہ جات،این ایچ اے ،ایف ڈبلیو او،دیگراداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور ہنگامی حالت کے دوران سٹاف کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔لاہور میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور بارش کا بھی امکان ہے ۔