اسلام آباد،راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر،92 نیوزرپورٹ) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہاہے کہ مشکلات جو بھی ہوں پاک فوج ملکی دفاع کیلئے ہماری عظیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ گزشتہ روزپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے گوجرانوالہ اورمرالہ کادورہ کیا۔ آرمی چیف کو کور ہیڈرکوارٹرز گوجرانوالہ میں آپریشنل،تربیتی اورانتظامی امورپربریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے گوجرانوالہ اورمرالہ ہیڈورکس میں تربیتی اموردیکھے ۔آرمی چیف نے سپاہ کی جنگی تربیتی مشقوں،روایتی آپریشنزکے امورکامعائنہ کیا۔انہوں نے سپاہ کی جنگی تیاریوں،اعلیٰ تربیتی معیارکوسراہا۔جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ تربیتی امور،پیشہ ورانہ مہارت کاطرہ امتیازہے ۔تربیت جنگی تیاریوں کوجلا بخشنے میں کلیدی کردارکی حامل ہے ۔آرمی چیف نے اس عزم کااظہارکیاکہ پاک فوج ہرلمحہ قوم کی امنگوں پرپورااترے گی۔ مشکلات جو بھی ہوں پاک فوج ملکی دفاع کیلئے ہماری عظیم قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے سی ایم ایچ گوجرانوالہ کابھی دورہ کیا۔آرمی چیف کومریضوں کے بہتر علاج، صحت اوربہبودکیلئے جاری منصوبوں پربریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے کوروناکیخلاف آرمی میڈیکل کورکی لازوال کاوشوں کوسراہا۔انہوں نے کہاکہ آرمی میڈیکل کورنے کوروناکیخلاف موثراقدامات سے کئی قیمتی جانیں بچائیں۔گوجرانوالہ آمدپرکورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیرنے آرمی چیف کااستقبال کیا۔