لاہور(جنرل رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ،این این آئی)پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں قائم سمز میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نئی میڈیکل رپورٹس کو نا مکمل قرار دیتے ہوئے کسی بھی طرح کی رائے دینے سے معذوری ظاہر کردی۔پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں لندن سے بھجوائی گئی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔ بورڈ کے مطابق نواز شریف کی بلڈ رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں، یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ ان کے پلیٹ لیٹس کاؤنٹ کتنے ہیں ، جنیٹک ٹیسٹوں کی اپ ڈیٹ کے بارے میں بھی آگاہی نہیں دی گئی ، میڈیکل رپورٹس میں عارضہ قلب کے بارے میں زیادہ بتایا گیا جس کا میڈیکل بورڈ کو پہلے سے ہی علم ہے ۔ میڈیکل بورڈ نے حکومت کو آگاہ کر دیا کہ مکمل رپورٹس کی فراہمی تک کوئی رائے اور سفارشات نہیں دی جا سکتیں ۔