اسلام آباد(سپیشل رپورٹر)ترک صدر رجب طیب اردوگان نے کہاہے کہ ترکی پاکستان کو اپنا بھائی اور دوست سمجھتا ہے اور اسکے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔استنبول میں تیسری سپیکر کانفرنس کے شرکاکے اعزاز میں استقبالیے کے موقع پر ترک صدر اردوان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں کشمیر کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پرترک صدر نے وزیر اعظم عمران خان کے اقوام متحدہ میں خطاب کوسراہتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے جنرل اسمبلی میں مسلم اُمہ اور کشمیر یعوام کی صحیح معنوں میں ترجمانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کشمیر ی عوام کی اُمنگوں اور اقوام متحدہ کی قردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے بھارتی حکومت کی جانب سے بھارتی آئین سے آرٹیکلز370اور 35الف کا خاتمہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور ظلم و بربریت کے فوری خاتمہ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اُمہ کو درپیش چیلنجز کے خاتمے کیلئے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا ۔اس موقع پرسپیکر قومی اسمبلیاسد قیصر نے کہا کہ دہشتگردی تمام اقوام کیلئے مشترکہ خطرہ ہے جو خطے کی ترقی اور خوشحالی کو بری طرح متاثر کر رہا ہے ۔انہوں نے پاکستان ، ترکی اور ملائیشیا کی جانب سے اسلامو فوبیا کے تدارک اور اسلام کے حقیقی تشخص کو اُجاگر کرنے کیلئے مشترکہ ٹی وی چینل کے قیام کے فیصلہ کو سراہااورمسلم اُمہ کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مسلم ممالک میں اتحاداور ہم آہنگیکی ضرورت پر زور دیا۔