ٹورانٹو( ویب ڈیسک) کیا موٹے لوگ دیگر افراد کے مقابلے میں تیزی سے بوڑھے ہوسکتے ہیں؟ ایک نئے سروے سے یہ حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ موٹاپا بڑھاپے کو تیزی سے بڑھاتا ہے اور اس سے عمررسیدگی سے وابستہ امراض بھی وقت سے پہلے نمودار ہوسکتے ہیں۔ اس ضمن میں کینیڈا کی یونیورسٹی آف کونکارڈیا کے ماہرِ غذائیات پروفیسر سلیویا سانتوسا اور ان کے ساتھیوں نے کہا ہے کہ موٹاپا اور بڑھاپا ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔ جو لوگ فربہ ہیں وہ دیگر افراد کے مقابلے میں جلد بوڑھے ہونے لگتے ہیں۔اس کی وجہ بتاتے ہوئے سائنس دانوں نے خیال ظاہر کیا ہے کہ موٹاپے اور بڑھاپے کا طریقہ کار اور جسمانی کیمائی عمل یکساں ہوتا ہے ۔ اس ضمن میں انہوں نے ایک دو نہیں بلکہ 200 سے زائد ایسے مطالعات کا جائزہ لیا ہے جن میں موٹاپے ، خلوی ٹوٹ پھوٹ، سالماتی کیفیات اور اس کے امنیاتی، دماغی اور دیگر عوامل پر اثرات کو نوٹ کیا ہے ۔اپنی تحقیق میں انہوں نے بڑھاپے کو موٹاپے کا عکس قرار دیا ہے لیکن تشویش ناک بات یہ ہے کہ موٹاپا وقت سے پہلے ہی اس کے شکار کو ایسی بیماریوں میں جکڑ سکتا ہے جو بزرگی میں حملہ کرتی ہیں۔ یعنی بڑھاپے کے ظاہری اثرات بعد میں ظاہر ہوتے ہیں مگر اس سے وابستہ بیماریاں پہلے ہی آگھیرتی ہیں۔