نئی دہلی (نیٹ نیوز ) مقبوضہ کشمیر کے سابق کٹھ پتلی وزیراعلیٰ، لوک سبھا کے ممبر اور نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبد اللہ نے کانگریس کے رہنما ششی تھرور کو خط میں کہا ہے کہ ہم مجرم نہیں ہیں جو لگاتار نگرانی کی جارہی ہے ۔ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ششی تھرور کے اکتوبر میں لکھے گئے خط کے جواب میں فاروق عبداللہ نے خود کو مسلسل نگرانی میں رکھے جانے پر اظہار ناراضی کیا۔ انہوں نے کہامجھے مجسٹریٹ کی طرف سے خط تاخیر سے ملا، افسوسناک بات ہے کہ وہ میرے خطوط بھی وقت پر نہیں پہنچا رہے ۔مجھے نہیں لگتا سینئر ممبر پارلیمنٹ اور کسی سیاسی جماعت کے رہنما کیساتھ ایسا برتائو ہونا چاہیے ۔ آخر ہم مجرم تو نہیں۔ خط میں انہوں نے اپنی رہائش گاہ سب جیل لکھا۔ واضح رہے عبداللہ ان سیاسی رہنماؤں میں شامل ہیں جنہیں 5 اگست کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت واپس لینے کے بعد حراست میں لیا گیا تھا۔