جنیوا(نیٹ نیوز) اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب گائیڈ پیڈرسن نے کہا ہے کہ شامی حکومت اور متحارب گروپ میں مذاکرات بحال ہو گئے ہیں امریکہ،روس خانہ جنگی ختم کرائیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی میں روس، ایران اور ترکی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ، کورونا وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال بہتر ہوتے ہی فریقین مذاکرات کے لیے جنیوا آئیں گے ۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب گائیر پیڈرسن نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شامی حکومت اور متحارب گروپ نئے ملکی آئین پر مذاکرات بحال کرنے پر رضامند ہو گئے ہیں ان کے مطابق کورونا وبا کے باعث پیدا شدہ صورت حال بہتر ہوتے ہی فریقین مذاکرات کے لیے جنیوا آئیں گے ،انہوں نے امریکہ اور روس سے مطالبہ کیاکہ وہ 9 برس سے شام میں جاری خانہ جنگی ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی ادارے کے خصوصی مندوب برائے شام نے سکیورٹی کونسل کو یہ بھی بتایا تھا کہ اب تک شام میں سیز فائر قائم کرنے میں روس، ایران اور ترکی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ، روس اور ایران شامی صدر بشار الاسد کے حامی ہیں جب کہ ترکی اور امریکہ شامی باغیوں کی حمایت کرتے ہیں۔