لاہور،اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی،نامہ نگار ) احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے پنجاب سمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 2 فروری تک توسیع کر دی۔ ایڈمن جج جوادالحسن نے کیس کی سماعت کی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کڑی سکیورٹی میں عدالت پیش کیا گیا۔دوران سماعت شہباز شریف نے چین کے سبکدوش قونصل جنرل کی جانب سے لکھا گیا خط عدالت میں پیش کردیا ۔شہباز شریف نے بتایا آج ہی خط ملا ۔ میں قید میں ہوں ،چین کے سفیر نے میرے نام خط لکھا اور میرے سی پیک اور دیگر منصوبوں کی تعریف کی ،یہ میرے لئے پوری قوم کی عزت ہے ،ایک قیدی کو چین کا سفیر خط لکھ رہا ہے جو کسی اعزاز سے کم نہیں۔چین پاکستان کا بہترین دوست ہے ،میرے اوپر دوسال سے الزامات کی بوچھاڑ ہو رہی ہے ،اس کے باوجود چین کے سفیر میری تعریف کررہے ہیں ،میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں ،میرے منصوبوں کو دنیا مان رہی ہے ۔ جج نے کہا خط کا کیس سے کوئی تعلق نہیں ۔گزشتہ روز ایک گواہ کے بیان پر وکلاکی جرح مکمل کی گئی جس کے بعدعدالت نے مزید سماعت آئندہ پیشی تک ملتوی کردی۔ شہباز شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران عدالت میں جیمرز لگانے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ جیمرز انسانی صحت کے لیے خطرناک ہیں، کمرہ عدالت میں کینسر سے لڑنے والے مریض بھی موجود ہیں۔ فاضل عدالت نے کہا آپ مجھے یقین دہانی کرائیں کمرہ عدالت میں کچھ نہیں ہوگا تو ہٹا دیتے ہیں۔ وکیل نے موقف اپنایا جیمرزکمرہ عدالت سے باہر لگا دئیے جائیں۔عدالت نے درخواست پر ایس پی سکیورٹی کو طلب کر لیا۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس میں نیب کے دیگر گواہوں کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے 9 فروری کوطلب کرلیا ۔ سماعت شروع ہوئی توشہباز شریف اور حمزہ شہباز نے پیش ہوکر حاضری مکمل کرائی ۔ وکلانے دو گواہوں پر جرح مکمل کرلی۔ فاضل جج نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف کے وکیل کی استدعا پر نیب کے گواہوں کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے سماعت بغیر کارروائی 3 فروری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کے کیس کی سماعت 28جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے مزید گواہوں کو بیانات قلمبند کرنے کیلئے طلب کرلیا ۔ ایک روز میں تین ریفرنسز میں لمبی پیشی سے شہبازشریف اور حمزہ شہباز تھکاوٹ کا شکار ہوگئے ۔ شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور احد چیمہ کمرہ عدالت میں ہی سینڈوچ کھاتے اور کافی نوش کرتے رہے ۔احتساب عدالت میں اظہاریکجہتی کیلئے آئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ،عظمیٰ بخاری ، خواجہ عمران نذیر و دیگر رہنمائوں نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی ۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا چین کے قونصل جنرل لانگ ونگ کے خط پر اللہ تعالی کا شکرگزار ہوں یہ پاکستان کی عزت ہے ،ہمیشہ نیک نیتی سے عوام کی خدمت کی جس کا اعتراف دنیا بھر میں کیا جا رہا ہے ۔ادھر اسلام آبادکی احتساب عدالت نے ایل این جی ریفرنس میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو بطور گواہ پہلے طلب کرنے کی درخواست مسترد کر دی ۔ درخواست سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ جج اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سنا تے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ احتساب عدالت نے سابق چیئرمین سی ڈی اے فرخند اقبال وغیرہ کیخلاف ریفرنس میں شریک ملزم کی وفات سے متعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔عدالت نے سماعت 9فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔