لاہور(جنرل رپورٹر) صوبائی وزیرصحت کی زیرصدارت سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کیپٹن (ر) ثاقب ظفر اور انشورنس کمپنی کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔وزیر صحت پنجاب نے راولپنڈی، اٹک اور ننکانہ میں صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے حوالہ سے بریفنگ لی۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مئی میں 3اضلاع میں غربت کی لکیر سے گر جانے والے خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ تقسیم کئے جائیں گے مئی میں تینوں اضلاع میں 5لاکھ خاندانوں کے 20لاکھ افراد صحت انصاف کارڈ سے استفادہ کر سکیں گے ۔ صحت انصاف کارڈ کے حامل خاندان سات لاکھ بیس ہزار روپے تک کا سرکاری و نجی ہسپتالوں سے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔ دوسری جانب وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی الحمرامیں نجی تعلیمی ادارے کی سالانہ تقریب انعامات میں بطورمہمان خصوصی شرکت۔ نجی تعلیمی ادارے کی انتظامیہ نے وزیرصحت پنجاب کوپھولوں کاگلدستہ پیش کیا جبکہ ننھے بچوں نے بھرپورطریقے سے استقبال کیا۔ وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے ننھے بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔