لاہور(نمائندہ خصوصی سے )مسلم لیگ (ن) کے صدر و اپوزیشن لیڈر محمد شہباز شریف نے میڈیا کو درپیش مشکلات کے حوالے سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو خط تحریر کر تے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قاعدے قانون سے متعلق امور کو حل کرنے کے لئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو میڈیا صنعت کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا جائزہ لے ۔ خط میں شہباز شریف نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے جس طرح ملک کے دیگر شعبہ جات انتہائی بری طرح متاثر ہوئے ، میڈیا کو بھی انتہائی تباہ کن حالات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میڈیا کے نمائندوں، صحافتی تنظیموں کی شکایات سن کر اصلاح احوال کے لئے تجاویز دے جن پر پارلیمان کے ذریعے حکومت سے عمل درآمد کرایا جائے ۔ دریں اثنامسلم لیگ (ن) کے صد ر و اپوزیشن لیڈر محمد شہبازشریف نے کرنل شیر خان شہید نشان حیدر اور حوالدار لالک جان شہید نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو اپنے بہادر بیٹوں پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جان مادر وطن کی عزت و حرمت پر قربان کردی۔جب تک قوم میں کرنل شیر خان شہید جیسے عظیم فرزند موجود ہیں کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔وطن عزیز کے ہر شہید اور غازی کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے طوفان، بارشوں اور سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر چین کی حکومت اور عوام سے افسوس اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان چینی بھائیوں کی اس مشکل صورتحال میں مدد کے لئے اقدامات کرے ۔