ملتا ن،اسلام آباد(خصوصی رپورٹر ،سپیشل رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کاکہا ہے کہ میرٹ پر کیس کو دیکھا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا،پاکستان پرامن ملک ہے ،ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا کریڈٹ قوم اور فوج کو جاتا ہے ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے ۔ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں ،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔پنجاب حکومت نے کہا ہے آٹے کا بحران مصنوعی ہے چند منافع خور مصنوعی بحران پیدا کررہے ہیں اس پر جلد قابو پالیں گے ۔برطانیہ کی ٹریول ایڈوائزری میں آنا پاکستان کی سیاحت میں مثبت پیش رفت ہے ۔ دیگر ممالک بھی برطانیہ کی طرح ٹریول ایڈوائزری میں نظر ثانی کریں گے ۔ وزیر خارجہ نے کہا خوش آئند بات ہے کہ آج ایف اے ٹی ایف اجلاس میں اپنے نکات رکھے جن کو بھارت کے سوا تمام ممالک نے پاکستان کے اقدامات کو سراہا۔ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ میں دھکیلنا چاہتا ہے ۔ میرٹ پر کیس دیکھا گیا تو پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائیگا۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت میں کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ کرپشن پر زیرو ٹالرنس اور خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ۔ ہم میڈیا کے ذریعے اپنی آواز عوام تک پہنچا رہے ہیں۔ میڈیا سے تعلق برقرار رہے گا۔ دریں اثنا وزیرخارجہ ملتان میں پریس کانفرنس کررہے تھے کہ اچانک ایک پتھر ڈائس پر آکر لگا ۔ وہاں موجود لوگ پتھر مارنے والے کو دیکھنے لگے تو انہوں نے کہا کہ کچھ نہیں ہوا، رہنے دیں کوئی بات نہیں۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ مثبت ٹریول ایڈوائزی سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان روابط مزید مضبوط ہونگے ۔ علاوہ ازیں افغانستان کے 12 سالہ سیرت اللہ وردک کو علاج کیلئے ویزہ مل گیا۔بچے کے ورثاء نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سوشل میڈیا کے ذریعے وزیر خارجہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔سیرت اللہ نے ویزہ جاری ہونے کے بعد اظہار تشکر کیلئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام بھی نشر کیا ہے ۔