ملتان(خبر نگار)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع آئین میں رہتے ہوئے کی گئی ، آرمی چیف کو خطے کی صورتحال کے باعث توسیع دی گئی،ماضی کی حکومتوں کے برعکس ہماری حکومت نے آرمی چیف کے معاملے پر عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ، عدالتی تحریری فیصلہ کا انتظار ہے ،وزیر اعظم آرمی چیف کو 3 سال توسیع دینا چاہتے ہیں،قانون سازی صرف موجودہ حکومت کا مسئلہ نہیں ہے ، امید ہے اپوزیشن اپنا کردار ادا کریگی،قانون سازی کے بعد آرمی چیف کی توسیع کے بارے صورتحال واضح ہوگی۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا صدر ٹرمپ کے دورے کے بعد طالبان مذاکرات دربارہ شروع ہونگے ،افغانستان میں امن کے قیام اور بھارت سے مسائل اور خطے کی صورتحال سب کے سامنے ہے ، ہندوستان کبھی بھی ایڈونچر کرسکتا ہے لیکن ہماری مسلح افواج انڈین عزائم سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا دھرنے کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا آج سری لنکا اور قطر کے دورے پر روانہ ہو رہا ہوں،اس دورے میں ترکی، انڈونیشا، ملائیشیا اور قطری وزیر خارجہ سے ملاقات کرونگا۔انہوں نے کہا ملک میں معاشی سفارت کاری کے فروغ کیلئے 45ممالک میں ٹریڈ آفیسرز میرٹ پر تعینات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا سی پیک سے ہمارے حریف خائف ہیں اور پراپیگنڈہ کرتے ہیں،بطور وزیر خارجہ قوم کو یقین دلاتا ہوں سی پیک حکومت پاکستان کی ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان کی موجودہ حکومت نے گزشتہ 10ماہ میں جو اقدامات کئے ہیں، وہ ماضی کی حکومتوں نے گزشتہ 10سالو ں میں بھی نہیں کئے ،بھارت کی پوری کوشش ہے کہ پاکستان کو بلیک لسٹ کیا جائے لیکن بھارت اپنی اس کوشش میں ناکام ہوگا، پاکستان جلد ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے بھی نکل آئیگا۔قبل ازیں ائیر یونیورسٹی ملتان کے سالانہ کانووکیشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا دنیا صحیح معنوں میں"گلوبل ویلیج" میں تبدیل ہو گئی تاہم عالمی سطح پر مالی بحرانوں کے بعد تحفظ پر مبنی پالیسیاں سامنے آنا شروع ہوئیں ،تجارت اور لیبر کی آزادانہ نقل و حرکت مسدود کی جانے لگی،حال ہی میں آرٹیفشل انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیو ٹیکنالوجی کے ادغام نے دنیا بھر میں روایتی تعلیم یافتہ لاکھوں لوگوں کو غیر متعلق بنا دیا ، یہ وہ صورتحال ہے جس کا آپ کو عملی زندگی میں سامنا کرنا ہو گی۔تقریب سے ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان ،ائیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ائیر وائس مارشل (ر) فیض عامر نے بھی خطاب کیا۔