لاہور، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،92نیوز رپورٹ ،این این آئی ) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات شبلی فراز کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہے وہ فاشسٹ مائنڈ سیٹ جس نے پہلے کمرے پر حملہ کرایا اور اب یہ مریم نوازشریف کی ذات پر حملہ کررہے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو رات کی تاریکی میں خواتین کے کمروں کے دروازے توڑتے ہیں ،بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو آٹا 35 روپے سے بڑھا کر 85 روپے کلو بیچتے ہیں ،بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو چینی 55 روپے سے بڑھا کر 110 روپے کلو بیچتے ہیں ، بنارسی ٹھگ وہ ہوتے ہیں جو میڈیا کی آواز بند کرتے ہیں، ، پی ڈی ایم کی قیادت میں عوام کا سیلاب بنارسی اور بیلٹ ٹھگوں کوبہا لے جائے گا ، ’بنارسی‘ اور ’بیلٹ ٹھگ‘ جو چاہیں، کردیکھیں، عوام ووٹ چوروں کو اقتدار سے باہر کرکے ہی دم لیں گے ۔ لاہور احتساب کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطائاللہ تارڑ اور ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کو شہزاد اکبر کی ہدایات پر نیب سیل میں اذیتیں دی گئیں ،ان کیخلاف کوئی کرپشن ثابت ہوئی نہ کوئی ثبوت دئیے گئے ہیں ، آپ نے جتنا ظلم کرنا ہے ، کر لیں، ہم جھکنے والے نہیں۔