پشاور ( سٹاف رپورٹر )امیر جماعت ا سلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جماعت اسلامی مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائے گی ، ادھر ُادھر سے پرزے پکڑ کر بنایا گیا جہاز رن وے پر ہی کھڑا رہے گا اڑ نہیں سکتا، قوم کے پندرہ ماہ ضائع ہو گئے حکومت ابھی تک کوئی ایک کام سنجیدگی سے نہیں کر سکی، ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق 2020 ء میں بھی معاشی شرح نمو افریقہ کے قحط زدہ ممالک جیسی رہے گی اور عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا ، احتساب بند کمروں میں نہیں ہوتا ، احتساب کے ادارے پسند و ناپسند کی بنیا د پر سیاست میں ملوث ہو گئے ہیں،سکھوں کیلئے راتوں رات شہر آباد ہو گیا ، بی آر ٹی ڈیڑھ سال میں مکمل نہ ہوسکی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پشاور کلب کے نو منتخب عہدیداروں کے ہمراہ میٹ دی پریس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیاہے ، مہنگائی ،بے روزگاری کے مارے عوام کی سمجھ میں سونامی کا اصل مطلب اب آیاہے ، مہنگائی کے سونامی نے تباہی مچادی ہے اور سفید پوش طبقہ بھی نان شبینہ کا محتاج ہوگیا ۔ 70 روپے کلو آٹے پر پورا ملک سناٹے میں آگیاہے ، حکومت نے ڈیتھ سر ٹیفکیٹ کی فیس بھی تین سو سے بڑھا کر 12 سو روپے کردی ہے ، لوگوں کے لیے جسم و جان کا رشتہ قائم رکھنا مشکل ہوگیا ہے ۔