لاہور،ماڑی شہر(خصوصی نمائندہ،کرائم رپورٹر،نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے کہا ہے کہ میانوالی کو ماڈل ضلع بنائیں گے ۔انہوں نے داؤد خیل کو تحصیل بنانے ،میانوالی میں دو نئے ریسکیو مراکزاورسرگودھا یونیورسٹی کیمپس اپ گریڈ کر کے یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ایک روزہ دورے پر میانوالی پہنچے ،اپنی آمد کے فوراً بعد وزیراعلیٰ نے پولیس لائنزمیں یادگار شہدا پر حاضری دی اورپھولوں کی چادر چڑھائی، انہوں نے شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے دعابھی کی،وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا،وزیراعلیٰ ،سینئر وزیر عبدالعلیم خان ،صوبائی وزراء راجہ بشارت ، سبطین خان نے پولیس لائنز میانوالی میں شجرکاری مہم کے تحت پودے لگائے ،بعدازاں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے میانوالی کے لئے متعدد پراجیکٹس کا اعلان کیا،کمشنر سرگودھا ڈویژن نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہر میں ٹرانسپورٹ کاجدید نظام لایا جائے گا۔دریائے سندھ کے کٹاؤ کے باعث اراضی کو دریابرد ہونے سے بچانے کیلئے شیر شاہ سوری روڈ کے اردگرد سپربند بنایا جائے گا،وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو کیڈیٹ کالج عیسی خیل کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دی،وزیراعلیٰ نے میانوالی میں پبلک ہیلتھ ملازمین کو تنخواہیں نہ ملنے کانوٹس لیتے ہوئے معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا حکم دیا،وزیراعلیٰ نے سیکرٹری معدنیات کو آئل این گیس ایریا کا دورہ کرکے مقامی آبادی کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلئے سفارشات طلب کرلیں،انہوں نے میانوالی کے گرلز سکول اورکالجوں میں ضروری سہولتوں کی عدم دستیابی کے بارے میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن اورسیکرٹری ہائر ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی،بعدازاں سرگودھا ڈویژن میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزموں کی فوری گرفتاری کے لئے خصوصی مہم چلانے کا حکم دیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار دورہ میانوالی کے دوران سنٹرل جیل پہنچ گئے ،قیدیوں کی شکایت اورفرائض سے غفلت برتنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کو معطل کردیا،وزیراعلیٰ نے ایک خاتون قیدی کا جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا،انہوں نے جیل ہسپتال کے دورے کے دوران زیر علاج قیدی مریضوں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا،بعدازاں وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتا ل میانوالی کا دورہ بھی کیا اورپانچ سال سے کم عمر بچے کوویکسین کے قطرے پلا کرانسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا،ایک بزرگ شہری کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے ان کے مریض بیٹے کا سرکاری خرچ پر مفت علاج کی ہدایت کی ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر خوراک سمیع اﷲ چودھری اورڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عثمان نے ملاقات کی اور ادارے کی کارکردگی کے بارے میں رپورٹ پیش کی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میانوالی ایم ریاض کی قیادت میں وکلاء برادری کے وفد نے ملاقات کی،بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے تحریک انصاف میانوالی کے صدور ، جنرل سیکرٹریز،عہدیداران اورکارکنوں نے ملاقات کی۔