سرینگر (این این آئی)حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بادل پھٹنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مقبوضہ کشمیر کے علاقوں سوپور اور ترال میں شدید بارشوں کے باعث املاک کو پہنچے والے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ کشمیر میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی اور ماحولیات کے تئیں یہاں کے حکام اور عوام کی غفلت شعاری پرحد درجہ تشویشناک کا اظہار کیا اور کہا جس طرح ہم نے یہاں کے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریوں سے نا انصافی کی ہے ، اُس کے نتیجے میں ہمیشہ قدرت کی جانب سے مختلف اوقات پر شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا زمینی اور آسمانی آفات آزمائش کا سبب بنتی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ پوری دنیا میں ماحولیاتی عدم توازن کے نتیجے میں آئے روز موسم کی قہر انگیزیوں سے جس طرح بڑے پیمانے پر بنی نوع انسان کو شدید آزمائش اور نقصانات کا سامنا کرنا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔