لاہور (شوبز ڈیسک) نامو ر گلوکار عارف لوہار نے کہا ہے کہ محبت خوبصورت زبان ہے جس سے پوری دنیا میں امن کی فضاء پیدا ہو سکتی ہے ، دنیا کا کوئی مسئلہ ایسا نہیں جو باہمی اتفاق سے حل نہ ہو سکے ، میرا چمٹا محبت کی زبان بولتا ہے اور اس کے ذریعے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستانی امن پسند قوم ہے لیکن بد قسمتی سے دنیا میں اس کا منفی چہرہ پیش کیا گیا ۔ حکومت کو چاہیے کہ پاکستان کے خوبصورت مقامات اور یہاں کے لوگوں کی امن کے لئے کاوشوں کی ڈاکو منٹریز بنا کر بیرون ممالک ریلیز کی جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کا سہارا لیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چمٹا میری پہچان اور سیاسی میراث ہے اور میں شہرت کی جتنی مرضی بلندیوں پر پہنچ جائوں اسے نہیں چھوڑ سکتا۔