مکرمی !کشمیر کو اللہ تعالی نے ظاہری اور معنوی حسن سے مالا مال کیا ہے۔ عرصہ دراز سے بھارت کی بری نگاہ اس پر لگی ہے بھارت ہر طرح کے ظلم اور سفاکیت کے باوجود ان کے وقار آفریں جذبات کو آج تک غبار آلود نہ کر سکا وہ ہماری چاہ میں اپنا سب کچھ قربان کیے جارہے ہیں۔بندوقوں کے سامنے بھی سینہ تان کر ''کشمیر بنے گا پاکستان'' کے نعرے لگاتے ہیں۔کشمیریوں کا اپنی سر زمین پر زندگی گزارنا مشکل سے مشکل ترین ہوچکا ہے۔کاروباری زندگی اور دیگر امور زندگی میں بے شمار دشواریاں اور پریشانیاں ہیں۔ مردوں کے لئے قید و بند کی صعوبتیں اور عورتوں کی عصمت دری قائدین کے لئے نظربندیاں اور آزادی کے طلبگاروں کے لئے گولیاں ہیں جو ان کے سینوں میں پیوست کی جاتی ہیں۔ آئے دن شہداء کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔کشمیر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں قبرستان قبروں سے بھرا ہوا نہ ہو, شہر خاموشاں آباد اور آبادیاں ویران ہو رہی ہیں۔ ان اُٹھنے والے لاشوں پر اقوام متحدہ خاموش تماشائی ہے۔۔ہندو آرمی جو رقصِ ابلیس کررہی ہے اس پر اقوام عالم کی آنکھیں بند ہیں انسانی حقوق کی تنظیمیں بے حس ہیں بلکہ عالم اسلام نے بھی اپنا حقیقی کردار پیش نہیں کیا۔ (تحریم ڈوگر،لاہور)