لاہور(وقائع نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اﷲ نیازی کی قیادت میں پنجاب کے تینوں ریجن کے صدور اورجنرل سیکرٹریزنے ملاقات کی جس میں پارٹی امور اورکوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیااورنچلی سطح پر پارٹی کو مزید فعال اور مؤثر بنانے کیلئے تجاویز پر غورکیاگیا۔ملاقات میں گورننس کو بہتر بنانے کیلئے باہمی مشاورت کے سلسلے کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے پر اتفاق کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کارکن تحریک انصاف کا قابل قدر اثاثہ ہیں اوران کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔تحریک انصاف کے عہدیدار اور کارکن ہمارے سر کا تاج ہیں۔تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں کے جائز کام ترجیحی بنیادوں پر ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ میں جلد اضلاع کے دورے شروع کررہا ہوں اورتحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں سے ہر ضلع میں جا کر ملاقات کروں گا۔عوام کے مسائل کے حل کے لئے پارٹی عہدیداروں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھوں گا۔پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہوتا ہے ۔تنقید برائے تنقید کے باوجود پنجاب حکومت کی کارکردگی تینوں صوبوں سے بہتر ہے ،ایسے عناصر تنقید کرتے رہ جائیں گے اور پنجاب آگے بڑھتا جائے گا۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں تحریک انصاف کے مرکزی سینئرنائب صدر ارشد داد،مرکزی نائب صدر عمرسرفراز چیمہ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل عمر مئیر،مرکزی چوائنٹ سیکرٹری مصدق گھمن،سیکرٹری گڈ گورننس پنجاب اعجاز منہاس،صدر سنٹرل پنجاب اعجاز چودھری، صدرشمالی پنجاب صداقت عباسی، صدرجنوبی پنجاب نور بھابھہ،جنرل سیکرٹری سنٹرل پنجاب علی امتیازوڑائچ، جنرل سیکرٹری شمالی پنجاب ڈاکٹر حسن مسعود اور جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب علی رضا دریشک شامل تھے -چیف وہپ ورکن پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی پانچویں برسی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں اور اساتذہ نے عظیم مقصدکے حصول کیلئے اپنی قیمتی جانوں کی عظیم قربانی دی۔ پانچ برس قبل معصوم بچوں کے ساتھ بربریت کرنے والے درندے اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں۔دریں اثنا انہوں نے کینٹ میں مسلح شخص کا شہری پر تشدد کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے اور گجرات کے تھانہ ککرالی کی حدود میں ریٹائرڈ فوجی کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے اورفائرنگ کرنے والے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے ۔