فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈز میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات میں مارکس کے بجائے گریڈنگ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کا آغاز آج (19 اگست) جماعت نہم کے امتحانی نتائج سے کیا جائے گا۔ اسے تین فیز میں مکمل لاگو کیا جائے گا۔ فیز ون میں نہم اور گیارہویں کلاسز 2019ء شامل ہوں گی اور ان کے رزلٹ کارڈ میں کل نمبر اور حاصل کردہ نمبروں کے علاوہ مزید دو کالم شامل ہوں گے ۔ جن میں حاصل کردہ فیصد نمبر اور گریڈنگ شامل ہوگی۔ پرسینٹائل سکور کے مطابق ہر طالب علم کے حاصل کردہ نمبروں کو 100 کے ساتھ ضرب دیکر اس مضمون میں سب سے زیادہ حاصل کردہ نمبروں سے تقسیم کردیا جائے گا۔ تعلیم بورڈز کی طرف سے سال 2020ء سے میٹرک پارٹ ٹو اور انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے رزلٹ کارڈ میں امتحانی نتائج مارکس کے بجائے صرف گریڈنگ اور پرسینٹائل سکور میں ہوں گے ۔ 90 تا 100 نمبر حاصل کرنے والوں کو اے پلس، 87 تا 89 کو اے ، 82 تا 86 بی پلس، 77 تا 81 بی، 70 تا 76 سی پلس، 60 تا 69 سی، 50 تا 59 ڈی پلس، 40 تا 49 ڈی اور 33 تا 39 ای گریڈ شمار ہوگا۔ 33 فیصد سے کم نمبر حاصل کرنے والے کا گریڈ ایف ہوگا اور فیل تصور ہوگا۔