ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک )چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ دیا میر بھاشا ڈیم پاکستان کیلئے نا گزیر ہے ،میری نواسی نے بھی مجھے ڈیم فنڈکیلئے 7 ہزار30 روپے دیئے ،گزشتہ روزملتان ہائیکورٹ بار سے خطاب میں چیف جسٹس نے بتا یا کہ میری بیٹی امریکہ سے آئی ہوئی تھی ،اس نے صبح 5 بجے کی فلائٹ سے واپس جانا تھا ،میں اپنی بیٹی کو رات کو ملا اور کہا صبح میں نے کہیں جانا ہے تو اب میں سونے جا رہا ہوں ،جب میں اپنے بستر پر گیا تو میرے کمرے میں میر ی 8 سالہ نواسی آگئی ،اس نے مجھے ایک لفافہ دیا ،اس لفافے میں 7 ہزار 30روپے تھے اور بعض نوٹ دس اور بیس روپے کے بھی تھے جس سے پتہ چل رہا تھا کہ اس بچی نے عید ی کے پیسے ڈیم فنڈ کیلئے اکٹھے کئے ،میری نواسی نے مجھے کہا کہ یہ پیسے ڈیم فنڈ کیلئے ہیں ۔اس آٹھ سالہ بچی کو ڈیم کی اہمیت کا اتنا اندازہ نہیں ہو گا لیکن شاید اﷲ نے اسے ہدایت دی ۔