لاہور(سپورٹس ڈیسک)ٹیسٹ کرکٹر احمد شہزاد نے اپنی خراب کارکردگی اور پاکستان ٹیم میں اپنی شمولیت کی ناکامی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ میری کارکردگی کو عمر اکمل سے نہ جوڑا جائے ۔احمد شہزاد کو ہوم گراؤنڈ پر سری لنکا کی نسبتاً کمزور ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں موقع دیا گیا تھا تاہم وہ سلیکشن کمیٹی اور کوچ کی امیدوں پر پورا نہیں اتر سکے تھے اور 2 میچوں میں صرف 17 رنز ہی بنا سکے تھے ۔انہوں نے اپنی ناکامی پر کسی کو ذمے دار نہیں ٹھہرایا اور کہا کہ وہ اس کا ذمے دار خود کو ہی سمجھتے ہیں۔احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ مجھے 2 موقع ملے ، میرا خیال ہے کہ جب بھی کسی کو موقع ملتا ہے اسے اس کے لیے تیار رہنا چاہیے ، اب وہ ایک ہوں یا دو۔انہوں نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بہتر پرفارمنس دکھانے کا مظاہرہ کریں گے ۔