تہران ،واشنگٹن(این این آئی) ایران نے کہا ہے کہ امریکہ پابندیوں کا عادی ہے جبکہ واشنگٹن نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل وینزویلا پہنچے تو تباہ کردیں گے ۔آسٹریا نے ایران کو ڈرون کے انجنوں کی فراہمی بند کر دی جبکہ ٹرمپ نے پہلے ہی ایران کی تین سرکاری تیل کمپنیوں کو انسداد دہشت گردی اتھارٹی کی فہرست میں شامل کر دیا ہے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اقتصادی جنگ سے امریکی اثرکم ہوگا ، امریکا کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ وہ ممالک پر پابندیاں عائد کرنے کا عادی ہوچکا ہے ، ٹرمپ کے معاون رابرٹ او برائن نے خود تسلیم کیا کہ امریکی حکومت ایرانی عوام کو تکلیف میں مبتلا کرنے کی اپنی صلاحیت سے بھی آگے بڑھ چکی ہے ۔جواد ظریف کا کہنا تھا کہ ابھی بھی وقت ہے کہ امریکا مان لے کہ وہ پابندیاں لگا کر اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی جنگ سے امریکا کا اثر بڑھے گا نہیں بلکہ کم ہوگا۔