لاہور(نمائندہ خصوصی سے )صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے ۔ صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کے فروغ کے حوالے سے بہترین اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔عوام کی فلاح و بہبود اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔محکمہ اوقاف نے استعمال شدہ پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے کے لئے ماسٹر پلان تیار کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں خطیر رقم سے استعمال شدہ پانی کو قابل استعمال بنانے کے لئے ٹینکوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اپنے آبائی حلقہ میں منعقدہ محفل شبینہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد صوبہ بھر کی مساجد میں وضو کے لئے استعمال شدہ استعمال شدہ پانی کو دوبارہ قابل استعمال بنانے کے لئے اقدامات عمل میں لائے جا رہے ہیں۔اس ذخیرہ شدہ پانی کو پودوں کی آ بیاری ا ور سڑکوں کو دھونے کے استعمال میں لایا جائے گا۔ پہلے فیز میں داتا دربارجبکہ دوسرے فیز میں شاہ حسین ،میاں میر اور بہائوالحق کے د درباروں پر استعمال شدہ پانی کو ذخیرہ کرنے کے بڑے بڑے ٹینک بنائے جائیں گے ۔