واشنگٹن (نیٹ نیوز، اے ایف پی) امریکی خاتون اول میلانیا نے صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کی سابق خاتون اہلکار اوماروسا کے ساتھ عوامی سطح پر جھگڑا کرنے سے منع کیا تھا۔ اوماروسا میگی نالٹ نے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کو متعصب اور نسل پرست کہا تھا جس کے جواب میں صدر ٹرمپ نے متعدد ٹویٹس میں اوماروسا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے کتا بھی کہا۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ میلانیا نے صدر ٹرمپ کو عوامی سطح پر بحث کا حصہ نہ بننے کا مشورہ دیا تھا لیکن ٹرمپ نے نظر انداز کر دیا۔واضح رہے کہ خاتون کیخلاف ناشائستہ زبان استعمال کرنے پر صدر ٹرمپ کو بھی تنقید کا سامنا ہے ۔علاوہ ازیں امریکہ کے 200 سے زائد نشریاتی اداروں اور صحافتی تنظیموں نے صدر ٹرمپ کو جواب دینے کیلئے ’’کسی کا دشمن نہیں‘‘ نامی مہم شروع کی ہے ۔ صدر ٹرمپ مختلف نشریاتی اداروں پر جھوٹی خبریں دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں ’’عوام کا دشمن‘‘ قرار دیتے ہیں۔ نشریاتی ادارے مہم کے دوران آزاد میڈیا کی اہمیت اور اس کے اثرات پر بات کر رہے ہیں۔