میلبور ن (سپورٹس ڈیسک)آسٹریلین بگ بیش میں ڈینیئل کرسچن کی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت میلبورن رینی گیڈز نے فائنل میں میلبورن سٹارز کو 13 رنز سے شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ میلبورن سٹارز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا اور11ویں اوور میں رینی گیڈز 65 رنز پر آدھی ٹیم سے محروم ہو چکے تھے ۔اس موقع پر ڈینیئل کرسچن اور ٹام کوپر وکٹ پر ڈٹ گئے اور دونوں نے اننگز کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور چھٹی وکٹ کیلئے 80رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کی 145 کے مجموعے تک رسائی یقینی بنائی، کوپر نے 43 اور کرسچن نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔جیکسن برڈ اور ایڈم زامپا نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں سٹارز مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 132 رنز بنا سکے ۔ ڈینئل کرسچن کو 38 رنز کی اننگز اور 2 وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔یاد رہے کہ میلبورن رینی گیڈز نے پہلی مرتبہ بگ بیش کی چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے ۔