فیصل آباد(این این آئی؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہو گئے ، وسط جنوری تک فنانس بل منظور ہو جائے گا، ہمیں نئے سال میں تلخیوں کو کم کرنا چاہئے ،سیاسی جماعتیں بڑے امور پر ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں اور اصلاحات پر بات کریں، چیئرمین نیب کی تعیناتی اور احتساب کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہاپاکستان استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے ، ملک میں مکمل سیاسی اور معاشی استحکام ہے ۔ انہوں نے کہا آئی ایم ایف سے مذاکرات مکمل ہو گئے ،وسط جنوری تک فنانس بل منظور ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں استحکام آ رہا ہے ،قیمتیں نیچے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ وزیراطلاعات نے کہا تیل، گھی اور دالوں کی یہاں پیداوار نہیں ہوتی، ان کی قیمتیں ہم طے نہیں کرتے ۔ انہوں نے کہادنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھیں گی تو یہاں بھی اضافہ ہوگا، قیمتیں کم ہوں گی تو یہاں بھی ہوں گی۔ انہوں نے کہا بڑی سیاسی جاعتوں کو اصلاحات پر مل بیٹھنا چاہئے ، انتخابی اصلاحات پر دو تہائی سے زیادہ ایسی اصلاحات ہیں جن پر حکومت اور اپوزیشن متفق ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا چیئرمین نیب کی تعیناتی اور احتساب کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے اپوزیشن کی تجاویز کا خیرمقدم کریں گے ۔ انہوں نے کہا ہمیں انتخابی اصلاحات، احتساب اور عدلیہ میں اصلاحات پر بات کرنی چاہئے ، اگر ان معاملات کو اپنے کیسوں سے جوڑیں گے تو یہ قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا ہمیں سنجیدگی سے معاملات کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا عمران خان اور پی ٹی آئی کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں اپوزیشن نے پہلے سال ہی شروع کر دی تھیں لیکن وہ کچھ نہیں کر سکے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اگست کے بعد حکومت کا آخری سال شروع ہو جائے گا، اس سے پہلے مقامی حکومتوں کے انتخابات ہوں گے ، اپوزیشن الیکشن لڑنے کا شوق مقامی حکومتوں کے انتخابات میں پورا کرلے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب میں مقامی حکومتوں کے انتخابات بھی صاف اور شفاف ہوں گے ، عوام کا انتخابات پر بھرپور اعتماد ہوگا۔ انہوں نے کہا بڑی سیاسی جماعتوں کو اپنے رویوں پر نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے ، پی پی اور ن لیگ قومی سیاست کریں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی نے سندھ کے شہریوں کو صحت کارڈ سے محروم کر رکھا۔ وزیر اطلاعات نے کہا عمران خان کی قیادت میں پاکستان کی سیاست، خارجہ پالیسی، معیشت پر ہم سب متحد ہیں اور اس کے مطابق آگے چلیں گے ۔ وفاقی وزیر نے کہا 2022ء بلدیاتی الیکشن کا سال ہے ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب بھی موجود تھے ۔