مینگورہ، لاہور (نمائندہ 92نیوز، کرائم رپورٹر) سوات کے علاقے چیل مدین میں ناخلف بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی ماں اور سگے بھائی کوموت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ لاہور کے علاقہ ہنجروال میں مزدور قتل اور مصطفی ٹائون میں ایک شخص مارا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سوات کے علاقے چیل مدین میں ناخلف بیٹے امیر خان نے فائرنگ کرکے اپنی ماں مسماۃ شمس الہوا زوجہ عبد المالک اور سگے بھائی محمد خان قتل کر دیا۔ وجہ قتل گھریلو ناچاقی بتائی جاتی ہے پولیس نے ملزم امیر خان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ ہنجروال کے علاقے شادیوال میں ٹھیکیدار شریف نے مزدوری کے مطالبے پر محمد نور کو اپنے دوسرے مزدوروں کے ذریعے آہنی راڈ سے تشدد کانشانہ بنوایا جس کے باعث محمد نور دم توڑ گیا ۔ ورثا نے روڈ بلاک کر کے ٹھیکیدار کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔ پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے ۔ مصطفی ٹا ئو ن کے علا قہ میں چھانگا مانگا کے رہائشی غلام دستگیر کو قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتول غلام دستگیر کا قتل دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہے ۔ مقتول گزشتہ روز چھانگا مانگا سے لاہور آیا ہوا تھا جبکہ مخالفین نے کریم بلاک میں موجود غلام دستگیر کو فائرنگ کر کے مار ڈالا۔ لیا قت آ با د کے علا قہ پیکو روڈ پر واقعہ کوڑے کے کنٹینر سے نومولود بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق ایک موٹر سائیکل پر سوار دونوجوان جنہوں نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے نومولود کی لا ش کوڑا دان میں پھینک کر فرار ہوگئے ۔