لاہور(جنرل رپورٹر)میو ہسپتال میں آئی سی یو میں مریضوں کو مصنوعی سانس بحال کرنے کے لیے نصب سنٹرل آکسیجن سسٹم میں خرابی پید ا ہو گئی ۔ خرابی پید ا ہونے کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،گیس کی سپلائی ساڑھے چار گھنٹے کے بعد بحال کی گئی ۔واقعہ کی انکوائری کے لئے چیف ایگزیکٹو آفیسر میو ہسپتال نے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ۔ذرائع نے بتایا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات ایک بجے آکسیجن کے پریشر میں کمی آ گئی تھی ، جس کی وجہ سے مریضوں کو جو کہ آکسیجن حاصل کررہے تھے ، شدید مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑا ۔چیف ایگزیکٹو میو ہسپتال پروفیسر اسد اسلم کے مطابق واقعہ رات پیش آیا جس میں آئی سی یو ون اور ٹو میں گیس کا پریشر کم رہا ، تاہم سلنڈر کے ذریعے مریضوں کو فوری آکسیجن فراہم کر دی گئی ، بائیو میڈیکل انجینئر موقع پر پہنچا تو پتا چلا کہ کنڈینسر چو ک ہو گیا جس پر کام شروع کر دیا گیا اور متبادل کنڈینسر لگا کر آکسیجن کی سپلائی بحال کر دی گئی ،صبح ساڑھے پانچ بجے سپلائی بحال رکھی گئی اور مریضوں کو آکسیجن مہیا ہو تی رہی،آئی سی یو ٹو میں دو افراد صبح اڑھائی بجے کے بعد کورونا کی وجہ سے وفات پا گئے ، آئی سی یو ٹو میں آکسیجن کی سپلائی سلنڈروں کے ذریعے صبح ڈیڑھ بجے تک مکمل طور پر بحال کر دی گئی تھی،اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی دے دی گئی جو کہ انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرے گی ۔