لاہور(نیٹ نیوز) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف تاریخی فتح پر پورے پاکستان میں جشن منایا جا رہا ہے وہیں سوشل میڈیا پر بھی منچلے میدان میں اتر آئے جہاں ممیز اور دلچسپ اور کاٹ دار تبصروں کا طوفان امڈ آیا ہے ۔ بھارتی کھلاڑیوں اور اداکاروں تک کی ممیز وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک صارف نے پاکستان میں گرفتار ہونیوالے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کے چائے والے جملے کو نئی کاٹ کیساتھ استعمال کیا، بابر اور رضوان نے پوچھا کہ میچ کیسا تھا؟ جس پر کوہلی نے جواب دیا دی میچ وازفنٹاسٹک۔بعض منچلوں نے اردو اور پنجابی میں لکھا او یار ہن ٹی وی نہ توڑن لگ پیا جے ، یار انڈینز اب آپ لوگ ٹی وی نہ توڑنے لگ جانا۔ایک صارف نے انگریزی ترکیب کا استعمال کرتے ہوئے لکھا پہلے ابھی نندن تھا اور اب ابھی نَن ڈَن none done یعنی ابھی کچھ نہیں کیا۔معروف فلم شعلے کے ڈائیلاگ کی گونج بھی سنائی دی ’’کتنے آدمی تھے ؟ 2 سرکار!۔ ایک صارف نے لکھا ہمسایوں کی حالت اب ایسی ہے کہ ’’ اب انڈر گراؤنڈ ہونے کا سَمے آ گیا ہے ‘‘۔ ایک نے سنجے دت کی معروف فلم کا ایک ڈائیلاگ انہی کی تصویر کیساتھ شیئر کیا ’’ اس رات میں دو بجے تک پیا‘‘۔بعض صارفین نے وزیراعظم وزیراعظم، بابر اعظم بابر اعظم کے نعرے بھی لگا دئیے ۔ایک صارف نے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور کے جملے (وی ول سرپرائزیو) کا سہارا لیتے ہوئے صورتحال کو واضح کیا ۔