میکسیکو سٹی(اے ایف پی)میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس میں کرپشن کیخلاف رپورٹنگ کرنے پر دھمکیوں کا سامنا کرنے والے صحافی ماریو گومز کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ رواں سال میکسیکو میں یہ 9ویں صحافیکا قتل ہے ۔35 سالہ ماریو گومز مقامی اخبار ایل ہیرالڈو سے وابستہ تھے ۔ اخبار نے بتایا کہ گومز اپنے گھر سے آفس کیلئے روانہ ہو رہے تھے کہ دو نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی، انہیں شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے ۔ریاستی پراسیکیوٹر نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا قاتلوں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ گومز کے ایک صحافی دوست نے بتایا کہ انہوں نے دھمکیاں ملنے پر حال ہی میں شکایت درج کرائی تھی۔ گومز کو 2016 میں بھی کرپشن کے خلاف خبریں اور آرٹیکلز شائع کرنے پر دو حکومتی عہدیداروں کی جانب سے دھمکیاں دی گئی تھیں۔