اسلام آباد (این این آئی)چیئر مین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کے تمام ریجنل بیوروز وائٹ کالر کرائمزکے میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے قانون کے مطابق تمام وسائل برئوے کار لائیں۔چیئرمین نیب کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہواجس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔جاوید اقبال نے نیب کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا 179میگا کرپشن مقدمات میں سے 63میگا کرپشن مقدمات کو احتساب عدالتوں نے قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا ہے جبکہ 95بدعنوانی کے مقدمات زیر سماعت ہیں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ نیب کے 1269ریفرنسز مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریباََ 950ارب روپے سے زائد ہے ۔نیب نے 2020کے دوران 321.4829 ارب روپے بلواسطہ اور بلاواسطہ بدعنوان عناصر سے برآمد کئے جو ایک ریکارڈ کامیابی ہے ۔ نیب کو اپنے قیام سے اب تک 487964شکایات موصول ہوئیں ،15930شکایات کی جانچ پڑ تال ،10041کی انکوائریز،4598انوسٹی گیشنزکی منظوری دی گئی جبکہ 3682ریفرنسز مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ۔نیب نے اپنے قیام سے اب تک790 ارب روپے بدعنوان عناصر سے برآمد کئے جو پاکستان کے دوسرے اینٹی کرپشن اداروں سے زیادہ ہے ۔ نیب بزنس کمیونٹی کی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں کردار کو اہمیت دیتا ہے ،نیب انسان دوست ادارہ جو ہر شخص کی عزت نفس کا خیال رکھنے پر یقین رکھتا ہے ۔نیب کی کار کردگی کو معتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے جو پاکستان کے لئے اعزاز کی بات ہے ، نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے ،نیب پوری دنیا میں واحد ادارہ ہے جس کے ساتھ چین نے سی پیک منصوبوں کے تناظر میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے جو نیب کی انسداد بدعنوانی کی کاوشوں کا اعتراف ہے ۔