فیصل آباد،اسلام آباد (خصوصی رپورٹر،شائستہ شیخ سے ،92 نیوزرپورٹ،سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھانے ، سیاحت اورزراعت کو فروغ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے وقت آئے گا جب پاکستان میں دودھ کی نہریں بھی بہیں گی، میرا ویژن ہے پاکستان مدینہ جیسی ریاست بنے ، ایک ریاست جس میں انسانیت ہو، جانور کے معاشرے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہوتی ہے ، ریاست کمزور طبقے کی فلاح کی ذمہ دار ہے ،دنیا کی تاریخ کی سب سے پہلی فلاحی ریاست ریاست مدینہ تھی،ہمیں انڈسٹریلائز ہونا، برآمدات اور زراعت کو فروغ دینا ہے ۔وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں مدینہ فاؤنڈیشن کے تعاون سے جنرل بس سٹینڈ پر بنائے گئے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا، وزیر اعظم وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ پناہ گاہ پہنچے جہاں انہوں نے چیئرمین مدینہ فاؤنڈیشن میاں محمد حنیف، سی ای او 92 نیوز میاں محمد رشید، ایڈیٹرانچیف روزنامہ 92 نیوز میاں حیدر امین، کمشنرعشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی، آر پی او رفعت مختارسمیت ضلعی افسران کے ہمراہ پناہ گاہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعظم نے سٹیٹ آف دی آرٹ پناہ گاہ کی تعمیر پر نہایت مسرت اور اطمینان کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے پناہ گاہ کے مکینوں کے ہمراہ دوپہر کا کھانا کھایا اور پناہ گاہ میں مثالی انتظامات پرمدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور شکریہ بھی اداکیا،وزیراعظم کو پناہ گاہ کے مکینوں کے لیے بنائے گئے کھانے میں آ لو گوشت بھا گئے اور اتنے پسند آئے کہ وہ آ لو گوشت سے روٹی کا نوالہ کھا کر انگلیاں ہی چاٹتے رہ گئے ، وزیراعظم مدینہ فاؤنڈیشن کے چیئرمین میاں محمد حنیف سے بولے میاں صاحب آپ کے کک نے تو وزیراعظم ہاؤس سے بھی زیادہ مزیدار کھانا بنایا ہے ۔چیئرمین مدینہ فاؤنڈیشن میاں محمد حنیف نے وزیراعظم کو پناہ گاہ کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا یہاں ساڑھے تین سو افراد کے قیام کا انتظام ہے ۔ مکینوں کے لیے تین وقت کے کھانے ، مسجد، وضو خانہ،بیت الخلا،غسل خانے اور لائبریری بھی بنائی گئی ہے ، مین ہال مردوں کے لیے بنایا جبکہ خواتین کے قیام کا الگ سے با پردہ انتظام ہے ، خواجہ سراؤں کے لیے بھی الگ سے انتظام کیا گیا ہے ۔ وزیراعظم نے خواجہ سراؤں کو ٹہرانے اور انہیں یاد رکھنے پر مسرت کا اظہار کیا اور چیئرمین مدینہ فاؤنڈیشن کے اس اقدام کو خاص طور پر سراہا۔ وزیر اعظم نے وزیراعلی عثمان بزدار کی توجہ ڈسٹ بن کی طرف کرواتے ہوئے دوسری پناہ گاہوں میں بھی اسی طرح کی ڈسٹ بن رکھوانے کی ہدایت کی،عمران خان نے مدینہ فاؤنڈیشن کے ’’سمارٹ ریڑھی منصوبے ‘‘ کو بھی خوش آئند قرار دیا اور کہا اس سے نہ صرف تجاوزات میں کمی آئے گی بلکہ روزگار کے مواقع بھی ملیں گے ، انہوں نے وزیراعلی سے کہامیری خواہش ہے پنجاب حکومت یہ منصوبہ دوسرے شہروں میں بھی شروع کرے ، شیلٹر ہوم میں مکینوں کو موسم کی مناسبت سے گرم بستر فراہم کئے گئے ہیں جبکہ بیماری کی صورت میں علاج معالجہ بھی کرایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے کہا میں نے اور بھی پناہ گاہیں دیکھی ہیں لیکن مجھے سب سے زیادہ اس پنا گاہ نے متاثر کیا ہے ۔ عمران خاں نے شیڈول سے ہٹ کر 45 منٹ سے زائد وقت پناہ گاہ میں بے سہارا افراد کے ساتھ گزارا۔انہوں نے پناہ گاہ کے افتتاح کے بعد خصوصی دعاکی۔ضلعی انتظامیہ اور مدینہ فاؤنڈیشن کے درمیان مستقبل میں پناہ گاہ کو چلانے کے حوالے سے ایم او یو پر دستخط بھی کئے گئے ،ضلعی انتظامیہ سے ڈپٹی کمشنر محمد علی جبکہ مدینہ فاؤنڈیشن کی جانب سے محمد حیدر امین نے معاہدے پر دستخط کئے ۔علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاصنعتکاری کے بغیر لوگوں کو روزگار نہیں مل سکتا، سرمایہ کاری نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا،ماضی میں ہماری پالیسیوں نے پاکستان کو غلط راستے پر لگا دیا تھا،سپیشل اکنامک زونز پاکستان کے ویژن کی طرف بڑا قدم ہے ، پنجاب حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،سیاحت سے پاکستان بہت پیسہ بنا سکتا ہے ، تعلیم خاص طور پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کو بڑھانا ہے ،چین وہ ملک ہے جو ہر چیز میں تیزی سے آگے جارہا ہے ، دنیا چین کی ترقی سے خوفزدہ ہے لیکن چین ہمارا اچھا دوست ہے ، ہمارے لئے سنہری موقع ہے ہم چین سے فائدہ اٹھائیں،ہمیں ماحول دیں ہم انڈسٹری لائیں گے ۔انہوں نے کہابیورو کریٹس کو نیب کے خوف سے آزاد کر دیا، اب کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں،اس وجہ سے بہت سے افسران ڈرتے اور کام نہیں کرتے تھے ، فائلیں ایک ٹیبل سے دوسری ٹیبل پر نہیں پہنچتی تھی، امیدہے اب افسران کا ڈر اور خوف دور ہوجائیگا اور وہ بہتر کام کریں گے ۔انہوں نے کہااسمبلی میں انگریزی میں تقریر ہوتی ہے ، ہمیں مائنڈ سیٹ بدلنا ہے ، ہم انگریزی نہ بولنے والوں کی توہین کرتے ہیں، کبھی ایسا ہوابرطانیہ کی اسمبلی میں فرنچ میں تقریر ہوئی ہو،مجھے پتہ ہے قومی اسمبلی میں کتنوں کو انگریزی آتی ہے اور کتنوں کو نہیں،سیاست دان غلط حرکت کرتا ہے تو اس میں سیاست غلط نہیں۔وزیراعظم نے پنجاب حکومت کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا وزیراعلی پنجاب سادگی سے زندگی گزار رہے ہیں۔وزیراعظم نے پنڈال میں بیٹھے چیف سیکرٹری میجر (ریٹائرڈ) اعظم سلیمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کو مبارکباد پیش کرتا اور توقع کرتا ہوں آپ پنجاب میں گڈ گورننس کو یقینی بنائیں گے ، وزیر اعظم نے آئی جی پنجاب شعیب دستگیرکو کہا آپ سے بھی بہت توقعات ہیں، خوشی ہے آپ بڑے بڑے مجرموں کو پکڑ رہے ہیں، ہر ضلع میں جرائم پیشہ لوگ اور رسہ گیر ہیں، سب کو قانون کی گرفت میں لائیں، کسی سے کوئی رعائت نہ برتی جائے ، کوئی سیاسی یا حکومتی دباؤ نہیں لینا، یہی پیغام اپنے افسران کو دینا ہے ۔وزیر اعظم نے ٹویٹ میں کہا مودی حکومت بھارت میں ریاستی دہشتگردی پر اترآئی ہے ،دنیا کب تک انتہا پسند مودی کے فاشسٹ اقدامات اور کشمیر کی صورتحال پر خاموش رہے گی۔وزیر اعظم نے ٹویٹ میں بھارتی اخبار کے آرٹیکل کا حوالہ دیا اور بھارتی مظالم کی تصاویر بھی شیئر کیں۔