کراچی ( کامرس رپورٹر )پاکستان سٹاک مارکیٹ میں منگل کو بھی تیزی کا تسلسل برقرار رہااور کے ایس ای100انڈیکس مزید 386.08پوائنٹس کے اضافے سے 34408.05پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث 48فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 53ارب 61کروڑ49لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت11.88فیصد زائد رہا ۔پاکستان سٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روزٹریڈنگ کے آغاز سے ملک میں لاک ڈاون میں نرمی برقرار رکھنے کی اطلاعات پر سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری شروع کی گئی جس کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ا ی 100 انڈیکس 34525پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا بعد ازاں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت کے باعث مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن تیزی کا رجحان غالب رہا اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 386.08پوائنٹس کے اضافے سے 34408.05پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایس ای30انڈیکس 215.83پوائنٹس کے اضافے سے 15071.48پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس202.02پوائنٹس کے اضافے سے 24668.28پوائنٹس پر بند ہوا ۔دریں اثناعالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت بڑھنے کے باعث مقامی مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونے کی قیمت مزید 300 روپے کے اضافے سے 98 ہزار 400 روپے ہوگئی ۔ کرنسی مارکیٹوں میں منگل کو بھی امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسیوں کا پاکستانی روپے کی قدر پر دبائو برقرار رہااور امریکی ڈالر165روپے سے تجاوز کرگیا جب کہ یورو کی قدر میں بھی مزید1.80روپے اور بربرطانوی پائونڈ کی قدر میں4روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا سعودی ریال اور یواے ای کی قدر بھی بڑھ گئی۔