کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی تیزی کا رجحا ن برقرار رہا اور کے ایس ای100 انڈیکس 600پوائنٹس مزیدبڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس1 4ہزار پوائنٹس کی بالائی حد عبور کر گیا اور41300پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، مارکیٹ کے سرمائے میں 91ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، سرمائے کا مجموعی حجم 74کھرب روپے سے بڑھ کر 75کھرب روپے کی بلند سطح پر جا پہنچا ،کاروباری تیزی کی وجہ سے 75فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 405کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 304کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،74میں کمی اور 27کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت 200روپے کے اضافے سے 1لاکھ10ہزار500روپے ہو گئی اسی طرح 172روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 94ہزار 736روپے پر جا پہنچی۔علاوہ ازیں انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں15پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت فروخت159.35روپے سے بڑھ کر159.50روپے ہو گئی تاہم مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت خرید 159.30روپے اور قیمت فروخت189روپے پر بدستور برقرار رہی۔