لاہور( کلچرل رپورٹر) گلوکارہ رابی پیرزادہ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’’میں جیسی ہوں اس کے لئے معذرت‘‘۔ انہوں نے افسردگی کے ساتھ جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ میں جیسی ہوں ویسا ہونے کیلئے معذرت۔ اس ٹویٹ کے جواب میں مداحوں نے رابی پیرزادہ کو ہمت کرنے کا مشورہ دیدیا ہے ۔ایک صارف نے انہیں کہا کہ ’’غلطی انسان سے ہوتی ہے کیوں کہ انسان خطا کا پتلا ہے ، بس آپ اس ذات سے معافی مانگو جس نے پیدا کیا وہ ذات بڑی رحیم و کریم ہے ‘‘۔ایک صارف نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، اللہ آپکو سلامت رکھے ۔ ایک صارف نے کہا کہ وقت سدا ایک سا نہیں رہتا،برا وقت بھی گزر جائے گا۔ دوسری طرف رابی پیرزادہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے بیٹی کی خود کشی سے متعلق خبروں کی تردید کردی ہے ۔ہمایوں پیرزادہ نے کہا ہے کہ رابی بالکل ٹھیک ہے ۔